بنگلورو،7؍مارچ (ایس او نیوز) ریاستی وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے اس بات کو تسلیم کر لیا ہے کہ ان کی حکومت نے شہر میں 102 کلو میٹر طویل ایلی ویٹڈ کاریڈار کی تعمیر کے منصوبہ کو منظوری دے دی ہے، حالانکہ شہری رضاکاروں اور ماہرین کی طرف سے مسلسل یہ مطالبہ کیا جاتا رہا ہے کہ اس منصوبہ سے جڑے ہوئے ماہرین ماحولیات کے خدشات کو دور کرنے کے لئے ان کے ساتھ مذاکرات منعقد کئے جائیں۔وزیر اعلیٰ کمار سوامی جو دو دن قبل مختلف شعبہ جات سے متعلق ماہرین اور دانشوران کے ساتھ ایک مذاکراتی اجلاس میں شرکت کر رہے تھے نے کہا کہ ، اس منصوبہ کو سال2006 میں اس وقت پیش کیا گیا تھا جب وہ اس سے پہلے ریاست کے وزیر اعلیٰ تھے اور اس کے نفاذ میں جو تاخیر ہوئی ہے اس کی وجہ سے اس کے اخراجات میں شدید اضافہ ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ ’’جب ہم نے پہلی مرتبہ اس منصوبہ کو تجویز کیا تھا تو اس وقت اس کا تخمینہ 3,500 کروڑ روپئے تھا اور اب یہ 17,500 کروڑ روپئے کو پہنچ گیا ہے۔مجھے نہیں معلوم کے میرے بعد آنے والی حکومتوں نے اس منصوبہ کو نافذ کرنے کے سلسلہ میں سنجیدہ اقدام کیوں نہیں کیا تھا، مگر اب ہم نے اس کو ہر حال میں نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے‘‘۔ لوگوں کی فکر مندی کی طرف اشارہ کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ہم اس کاریڈار کی تعمیر کے ذریعہ ماحول کو تباہ کر رہے ہیں ، اگر کسی بھی شخص کو اس منصوبہ یا ہمارے کسی بھی دوسرے منصوبہ کے تعلق سے کوئی پریشانی ہے تو ان کے لئے ودھان سودھا کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں وہ آسکتے ہیں اور میں اس تعلق سے تبادلہ خیال کرنے کے لئے دستیاب رہوں گا‘‘۔